نئی دہلی،7؍مئی (ایس او نیوز؍یواین آئی) کانگریس نے سابق وزیراعظم راجیوگاندھی کے بارے میں وزیراعظم نریندرمودی کے تبصرے کی سخت مذمت کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ ان کی حکومت ہر مورچے پر ناکام رہی ہے اور اس سے توجہ ہٹانے کے لئے وہ بے تکی باتیں کررہے ہیں -کانگریس سینئر لیڈر سیم پترودا،نوجوت سنگھ سدھو اور جے ویر شیرگل نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت نے سرکاری کمپنیوں کو برباد کرکے پرائیویٹ کمپنیوں کو آباد کیا ہے اور مسٹر مودی ہر مورچے پر ناکام رہے ہیں -اس لئے ملک کے لئے شہادت دینے والے سابق وزیراعظم کا احترام کرنا بھی بھول گئے ہیں - پترودا نے کہا کہ مودی نے گاندھی کی زمین سے ملک کے سابق وزیراعظم کے لئے ایسا تبصرہ کیاہے،جس پر سوچا بھی نہیں جاسکتا- مودی چار مراحل کے انتخابات میں یقینی طورپر ہار دیکھ کر صبر کھوبیٹھے ہیں اور اب بوکھلاہٹ میں اس حد تک گر کر تبصرہ کررہے ہیں -انہوں نے کہا کہ انہیں گاندھی کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے - گاندھی میں غیر معمولی قوت ارادی تھی اور اس کی نتیجہ میں ملک میں کمپیوٹر تکنیک سمیت کئی ٹیکنالوجی اکائیاں پیدا کی گئیں اور ہندوستان عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنا-انہوں نے کہا کہ وہ مودی کے سابق وزیراعظم کے بارے میں کئے گئے تبصرے سے دلبرداشتہ ہیں اور انہیں حیرت ہے کہ وزیراعظم اس حد تک کیسے گر سکتے ہیں -واضح رہے کہ مودی نے کل کہاتھا کہ سابق وزیراعظم مسٹر کلین کے طورپر سامنے آئے اور آخر میں ان کے دامن میں بدعنوانی کے داغ لگ گئے- پترودا نے کہا کہ مودی حکومت نے دو کروڑ لوگوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن نتیجہ بالکل صفر رہا-اسی طرح سے 100شہروں کو اسمارٹ سٹی بنانے کی بات کی تھی لیکن نتیجہ صفر رہا-کسانوں کی آمدنی بڑھانے کا وعدہ کیاتھا لیکن وہ اور کم ہوگئی-بی ایس این ایل،ایم ٹی این ایل اور ایئر انڈیا سمیت سینکڑوں سرکاری کمپنیاں دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں -تعلیم کا بجٹ گھٹایا گیا ہے -ہر مورچے پر ناکام مودی اب بے تکے تبصرے کررہے ہیں -